ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر پردیش انتخابات: پرینکا گاندھی 10 اکتوبر کو وارنسی سے کریں گی انتخابی مہم کا آغاز

اتر پردیش انتخابات: پرینکا گاندھی 10 اکتوبر کو وارنسی سے کریں گی انتخابی مہم کا آغاز

Sat, 02 Oct 2021 12:27:28    S.O. News Service

نئی دہلی ،2؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  اس بار پرینکا گاندھی نے یوگی اور مودی کے علاقے سے انتخابی مہم شروع کرنے کی تیاری کی ہے۔ پہلے وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں جلسہ عام کریں گی۔ پھر وہ گورکھپور میں سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی انتخابی میٹنگ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ پرینکا کا فارمولا ان دونوں کو ان کے گڑھ سے چیلنج کرنا ہے۔ پرینکا جانتی ہیں کہ یوپی میں کانگریس کو زندہ کرنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ لیکن سیاست میں معجزے ہوتے رہے ہیں۔ پرینکا یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ اگر کوئی مودی اور یوگی کے ساتھ لڑ سکتا ہے تو وہ صرف کانگریس ہے۔ اس بار کانگریس اپنے طور پر الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پرینکا کانگریس کی جنرل سکریٹری ہیں اور یوپی کی انچارج بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس الیکشن میں ان کی اپنی سیاسی ساکھ بھی داؤ پر لگ گئی ہے۔پرینکا گاندھی مسلسل چار دن لکھنؤ میں رہیں۔ اس دوران مسلسل ملاقاتیں ہوتی رہیں۔ الیکشن کمیٹی ، اسکریننگ کمیٹی سے لے کر سوشل میڈیا پر کام کرنے والے پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں انہوںنے شرکت کی۔ یوپی انتخابات کے لیے پرینکا گاندھی نے کانگریس کی حکمت عملی بنائی ہے۔وہ 10 اکتوبر کو پی ایم مودی کے لوک سبھا حلقہ میں ایک ریلی کریںگی۔ یہاں سے وہ پوری ریاست کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ بی جے پی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی طاقت صرف کانگریس کے پاس ہے۔ ریلی میں جانے سے پہلے پرینکا کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا کریں گی اور پھر ان کا درگا مندر جانے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے شامل ہوں۔ ریاست بھر سے کانگریس کارکنوں سے وارانسی پہنچنے کو کہا گیا ہے۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق وارانسی کے بعد پرینکا گاندھی گورکھپور میں ریلی کرسکتی ہیں۔ گورکھپور کو یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ جہاں سے انہوں نے سیاست کا آغاز کیا۔ وہ مسلسل 5 بار لوک سبھا رکن پارلیمنٹ رہے۔ پرینکا گاندھی نے وارانسی کے بعد گورکھپور جانے کا پروگرام بنایا ہے۔ یہاں سے وہ یوگی حکومت کو نشانہ بنائیں گی۔


Share: